پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے چوتھے ایک روزہ میچ کی آمدنی پشاوراسکول حملے کے شہداء کے لواحقین اور اسکول کی تعمیر نو میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جبکہ پاکستان اے اور کینیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ایک روزہ میچ 18 کی بجائے 19 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی دکھ کی اس گھڑی میں پشاور اسکول حملے کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے۔
بورڈ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ کی آمدنی شہدا ء کے لواحقین اور اسکول کی تعمیر نو کیلئے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج مرید کے میں ملالہ کپ کا فائنل بھی ملتوی کیا گیا ہے جبکہ پاکستان اے اور کینیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 18 دسمبر کو کھیلا جانے والا میچ اب 19 دسمبر کو کھیلا جا ئے۔ گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چوتھا ایک روزہ میچ ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن براڈ کاسٹرز اور نیوزی لینڈ مینجمنٹ کی کمٹ منٹس کے باعث ایسا ممکن نہیں ہو سکا ،پاکستان دہشتگردی کے خطرے کے باعث پہلے ہی بیرون ملک کھیلنے پر مجبور ہے اگر ہم نے دہشت گردوں کو بیرون ملک ہونے والے میچز کو بھی ڈسٹرب کرنے کی اجازت دیدی تو یہ بڑا نقصان ہو گا۔
اس لیئے شیڈول کے مطابق میچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندھیں گےاور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ، پرچم سرنگوں رہے گا۔