تحریر: فیصل شامی دو تین روز قبل برادرم عقیل احمد خان کی طرف سے دعوت نامہ ملا، جو کہ انکے آن لائن اخبار کی تیسری سالگرہ کے پروگرام میں شرکت کی دعوت تھی ، پاک نیوز نٹر نیٹ پر شائع ہو نے والا خوبصورت اخبار ہے جس میں دنیا جہاں کے مضامین اور ملکی و بین الاقوامی خبریں بھی بذریعہ انٹر نیٹ عوام الناس تک پہنچائی جاتی ہیں ، تاہم برادرم عقیل احمد خان پاک نیوز لائیو کے ایڈیٹر ہیں اور ہماری دوستی ان سے بھی انٹرنیٹ کی بدولت ہے۔
جی ہاں محترم عقیل خان بھی بہت اچھا لکھتے ہیں اور ہمیں بھی لکھنے کا شوق ہے اسی لئے ہماری ان سے سلام دعا شروع ہوئی ،دنیا ترقی کر گئی ،پہلے ڈاک کا زمانہ تھا ، خط لکھ کے بھیجا جا تا تھا اور پھر گھر بیٹھ کر مہینوں خط کے جواب کا انتظار کیا جا تا تھا ،جی ہاں زمانہ ترقی کر گیا ،دور جدید میں پیغام رسانی میں آسانی ہو گئی ،، پہلے فون آیا تو ڈاک کا زور کم ہوا اور اب انٹرنیٹ ، فیس بک وغیرہ سے تو رسائی اتنی آسان ہو گئی ہے کہ دنیا بھر میں لمحہ بھر میں جہاں چاہے گفتگو و شنید کاسلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔
جی ہاں اور آج کے دور جدید میں بھی پاک نیوز لائیو کی ٹیم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کاوش عوام الناس تک پہنچا رہی ہے ،بہر حال بات ہو رہی تھی دعوت نامے کی تو تو برادرم عقیل کی طرف سے انٹرنیٹ پر موصول ہونے والے دعوت نامے میں شرکت پر زور دیا گیا تھا تاہم برادرم اختر سردار چودھری بھی جو کہ ہمارے کسو وال کے اخباری نمائندے ہیں اور وہ بھی قلم کار ہیں اور لفظوں سے کھیلنا بھی خوب جانتے ہیں،پاک نیوز لائیو کی ٹیم کا حصہ بھی ہیں۔اختر سردار سے دوستی بھی نیٹ کی بدولت ہوئی ان کے کالم بہت سی اخبارات میں باقاعدگی سے شائع ہوتے ہیں ۔ تاہم انھوں نے بھی شرکت کے لئے لاہور آنا تھا لیکن گھریلو مصروفیات کی بناء پر لاہور نہ پہنچ سکے ، تاہم جناب اختر سردار چودھری نے ٹیلی فون پر نہ آنے کی معذرت کر لی تھی ،، بہر حال حسب پروگرام ہم اقبال ٹائون کے مقامی ہال میں پہنچ گئے جہاں پر سالگرہ کی تقریب منعقد ہونی تھی ، جب ہم پہنچے تو انتہائی مختصر سی گیدرنگ موجود تھی اور تقریب میں موجود افراد بھی اخباری دنیا سے ہی وابستہ تھے۔
Mr Mujeeb ur Rehman Shami
تاہم جب پہنچے تو مہمان گرامی جناب مجیب الرحمان شامی صاحب کا انتظار کیا جا رہا تھا اس دوران ہم بیٹھے گپ شپ کرتے رہے ۔ دنیا جہاں کی باتیں ہوئیں ،سیاست کی ،صحافت کی ، موسم کی باتوں میں وقت گزرا پتہ ہی نا چلا ، اور تھوڑی ہی دیر کے بعد مہمان خصوصی ہال میں پہنچ گئے ، اور مہمان خصوصی کے پہنچنے پر سالگرہ کی تقریب کا آغاز کیا گیا۔
تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، پھر جناب مہمان خصوصی نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے پاک نیوز لائیو کی ٹیم کو تیسری سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور پھر پاک نیوز لائیو کی ٹیم کے نوجوان قلم کاروں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے تاہم جناب مجیب الرحمان شامی نے پاک نیوز کی ٹیم کے ہمراہ سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ، خوشگوار ماحول میں ایڈیٹر پاک نیوز عقیل اپنے ساتھیوں کا تعارف بھی مہمان خصوصی سے کرواتے رہے ، اور ہنستے مسکراتے خوشگوار ماحول میں برادرم عقیل خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مہمان خصوصی کو محفل سے رخصت کیا اور جاتے جاتے مہمان خصوصی جناب مجیب الر حمٰن شامی کو پاک نیوز کی ٹیم کی طر ف سے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا اور خصوصی شیلڈ بھی دی گئی۔
تاہم مہمان خصوصی کے جانے کے بعد ہم نے بھی نہ چاہتے ہوئے برادرم عقیل سے اجازت چاہی اورہنستے مسکراتے انکی ٹیم کو خداحافظ کہہ کر ہم بھی باہر کی طرف نکلے ، اور گاڑی میں بیٹھ کر گھر کی طرف چلدئیے ، لیکن خیال برادرم عقیل اور انکی ٹیم کا ہی تھا اور دعا تو دل میں بھی بس یہی تھی کہ برادرم عقیل اور انکے ساتھی یوں ہی صدا اپنے آن لائن اخبار کی سالگرہ مناتے رہیں ، بہر حال اجازت چاہتے ہیں آپ سے دوستوں ملتے ہیں جلد ایک بریک کے بعد اللہ نگھبان رب راکھا۔