پاکستان میں تھری جی اور فور جی سروس جلد ہی شروع ہونے والی ہے

سندھ (محسن شیخ) پاکستان میں تھری جی اور فور جی سروس جلد ہی شروع ہونے والی ہے جس کے بعد سنا ہے انقلاب کا سونامی آجائے گا، مہنگائی کا جن روتا ہوا واپس بوتل میں چلا جائے گا، روٹی ایک ایس ایم ایس سے بھی زیادہ سستی ہو جائے گی۔

غریب کے گھر کا چولہا کبھی ٹھنڈا نہیں ہو گا، لیکن شرط یہ ہے کہ گیس آتی ہو انصاف گھر کے دروازے پر ملے گا، چاہے آپ گھر پر ہو یا نہ ہوں خوشحالی ہی خوشحالی ہو گی، جہیز میں اب دلہنیں فور جی موبائل بھی ساتھ لایا کريں گی، کاشتکاروں کو تو بڑا فائدہ ہو گا کیونکہ تھری جی اور فورجی کی کھاد ڈالنے کے بعد انکی فصل پہلے سے بھی زیادہ ہری بھری ہوگی اور پھر گھر میں پیسوں کی ریل پیل شروع ہوجائے گی، اسکولوں میں خواندگی کی شرح بنگلہ دیش سے بھی بڑھ جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب طلباء کو لیپ ٹاپ کی بجائے تھری جی اور فورجی موبائل دیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیم پر کم اور رات کو جانو پر زیادہ توجہ دیں، کیونکہ آواز کے ساتھ اب محبوب کا حسین چہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا،، امریکہ بھی اب پاکستان کی عزت کرے گا اور جی جی کر کے بات کیا کرے گا، بھارت اور افغانستان تو اب کبھی بھی پاکستان کے خلاف بولنے کی جرات نہیں کريں گے۔

ڈالر کانپتا ہوا تیزی کے ساتھ نیچے چلا جائے گا، تھری جی اور فور جی موبائل رکھنے والوں کو پیٹرول بہت ہی سستا ملے گا، بجلی کا بل بھی کم آئے گا اور بجلی بھی تھوڑی دیر کے لیے آیا کریں گی اور بجلی کو فیول ایڈ جسمنٹ چارجز میں چھوٹ دی جائے گی، میری طرف سے آپ سب کو تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے آنے پر بہت بہت مبارکباد ہوں۔