اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر صنعت و تجارت نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان کا 97 ملکوں کے ساتھ تجارت میں خسارہ ہواہے۔وزیر تجارت خرم دستگیر نے ایوان کو مزید بتایا کہ پاکستان کوجن ملکوں کےساتھ تجارت میں خسارہ بہوا ہے ان میں متحدہ عرب امارات، چین، سعودی عرب، کویت، جاپان، بھارت، ملائشیا، انڈونیشیا، عمان اور دیگر شامل ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں نجکاری کمپنیوں کی ترمیم سے متعلق کمپنی ترمیمی آرڈیننس بل اور گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس 2014 وزیر تجارت خرم دستگیر نے پیش کیے۔ اے این پی کےزاہدخان نےکہاکہ پٹرول بحران پرسینیٹ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں 3 وزراء میں سےصرف ایک شریک ہوئے، حکومتی رویے پر افسوس ہے وزراء نے خود کو صاف طریقے سےبچالیا۔
مشاہد حسین نے سینیٹ قواعد میں ایک ترمیم پیش کی جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ کسی بھی فورم کے چیئرمین کی خالی نشست پر ایک ماہ میں انتخابات کرائے جائیں۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ایوان کو بتایا کہ یو ٹیوب پرقابل اعتراض مواد مکمل طور پر بند کرنے کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔ انٹر مینڈیری لائبلٹی پروٹیکشن کی فراہمی پر کام جاری ہے، اس سے مقامی سطح پر یو ٹیوب کا استعمال ممکن ہو جائے گا۔ سینیٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔