واشنگٹن (جیوڈیسک) میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ جان کربی نے کہا امریکا دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا۔ دونوں ممالک کو مشترکہ خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے اور انہیں مل کر ان مسائل کا سامنا کرنا ہے۔ ترجمان جان کربی نے کہا امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ملک خود اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔
ماضی میں بھی دونوں ممالک نے مسئلے حل کئے ہیں اور امید ہے کہ اب بھی وہ اسے حل کر لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سرحدی تنازعے کی وجہ سے افغان مفاہمتی عمل کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا افغانستان میں تعینات امریکی افواج کو سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ امریکی افواج کو صرف طورخم کے راستے ہی سپلائی نہیں بھیجی جاتی۔