پاک افغان سرحد کے قریب دھماکا: دو افراد ہلاک

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) افغانستان میں پاک افغان سرحد کےقریب وش منڈی کے علاقے میں دھماکے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکا افغانستان کی طرف ویش منڈی میں واقع ایک نجی بینک کے باہر ہوا۔ ایک افغان پولیس آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شدت پسندوں نے آئی ای ڈی ڈیوائس افغان بینک کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا۔

‘جیسی ہی افغان پولیس کی گاڑی بینک پہنچی دھماکا ہو گیا’۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی شدت سے بینک کا ایک حصہ اور قریبی دکانوں اور گاڑیوں کے شیشوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ابھی تک کسی نے بھی دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی تاہم افغان حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکے میں طالبان شدت پسندوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

دھماکے کے بعد سرحد کے اس پار افغانستان میں فرنٹیئر کورپس نے سرحد پر واقع فرینڈشپ گیٹ پر سیکورٹی سخت کردی ہے اور مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ایف سی کے دستے طلب کر لیے گئے ہیں۔ افغان طالبان نے پانچ اپریل کو افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور اسی سلسلے میں گزشتہ کچھ دنوں میں ان کے امریکی اور افغان افواج پر حملوں میں تیزی آئی ہے۔