پاک افغان چین تھنک ٹینکس کے مابین ڈائیلاگ کو فروغ دینا چاہیے۔ مشاہد حسین

Conference

Conference

اسلام آباد (جی پی آئی) پاکستان کے ہمسایہ ممالک چین اور افغانستان کے مایہ ناز اسکالرز، سفارتی ماہرین، تھنک ٹینکس کے نمائندے و دیگر مندوبین دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دوروزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے ہیں جو بروز اتوار19اکتوبربروزاتوارسے سریناہوٹل میں شروع ہورہی ہے۔ کانفرنس کے میزبان اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ نیٹو اور امریکی افواج کے افغانستان سے ممکنہ انخلاء کے تناظرمیں خطے کے اہم ترین ممالک چین، پاکستان اور افغانستان کے کلیدی تھنک ٹینکس کے مابین ڈائیلاگ وقت کی اشد ضرورت سمجھاجا رہا تھا ، جرمن غیرسرکاری ادارے (کے اے ایس) کے اشتراک سے پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تینوں ہمسایہ ممالک کے تھنک ٹینکس کے مابین ڈائیلاگ کے فروغ کیلئے کانفرنس کا انعقاد کرانا اپنی نوعیت کی منفردکاوش ہے۔ سینیٹر مشاہد جوکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین بھی ہیں ، نے مزید کہاکہ کانفرنس کا مقصد افغانستان کے ساتھ علاقائی تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس روڈ میپ کا تعین کرنا ہے، قریبی تعاون علاقائی امن و استحکام کے فروغ، اقتصادی روابط میں بہتری کے ساتھ دہشت گردی و انتہا پسندی کے عفریت کا مقابلہ کرنے اور منشیات اسمگلنگ کی روک تھام میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اس اہم ترین کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے جرمن پولیٹیکل فاؤنڈیشن (کے اے ایس) کے پاکستان میں نمائندے رونی ہین نے امید ظاہر کی ہے کہ سہ فریقی ڈائیلاگ کے انعقاد سے افغانستان کا حالیہ منظرنامہ اور بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے گا ۔ افتتاحی دن کے کلیدی مقررین میں میزبان سینیٹر مشاہد حسین سید، چینی سفیر سن وئی تونگ، افغان سفیر جاناں موسیٰ زئی ، ڈاکٹر ظفر نواز جسپال، ڈاکٹرفاروق اعظم، پروفیسر حسن عسکری، چینی اسکالر پروفیسر لی شی گوانگ، خالد محمود، عامر رانا، لی چھنگ یان، بریگیڈئر ڈاکٹر محمد خان سمیت پاکستانی، چینی و افغان مندوبین حالیہ کابل حکومت کی تشکیل، پرامن انتقالِ اقتدار، سیکیورٹی معاملات، پاک چین اقتصادی راہداری، سینٹرل ایشیا اکانومک بیلٹ، خطے میں روس بھارت اثرات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات زیربحث لائیں گے، کانفرنس کے دوسرے دنِ 20اکتوبربروز سوموارکے اختتامی سیشن سے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے مشیر برائے عالمی امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے اظہارِ خیال کریں گے، دیگر مقرین میںسینیٹر اکرم ذکی، غیرت بہیر، روز مسعود حسین، میجر جنرل نوئل کھوکر، ڈاکٹر داؤد مرادین، ڈاکٹر زاہد شہاب احمد، امتیاز گل، رستم شاہ محمود شامل ہیں جبکہ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈایریکٹر مصطفیٰ حیدر سیدپالیسی تجاویز پیش کریں گے۔