کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ”را“ کے ایجنٹ کلبھوشن کی بلوچستان سے گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر افغان انٹیلی جنس آفیسر کی گرفتاری کو پاکستان کی دفاعی قوتوں کی کامیابی و فعالیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹ کی نشاندہی پر افغان انٹیلی جنس افسر کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے۔
بھارت اور اس کی سرکاری دہشتگرد تنظیم ”را“ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کی تکمیل کیلئے صرف افغان سرزمین کو ہی استعمال نہیں کررہی بلکہ اس کام میں اسے افغان انٹیلی جنس ایجنسی کی مدد و معاونت بھی حاصل ہے جو پاکستانی قوم کیلئے انتہائی تشویشناک و دکھ کا باعث ہے۔
کیونکہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اور ہر مشکل گھڑی میں افغانستان و افغان قوم کا بھروپر ساتھ دیا اور ان کے ساتھ حقیقی بھائیوں جیسا سلوک کیا ہے مگر افغان ایجنسی نے پاکستان کیخلاف بھارت کا ساتھ دیکر پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے جس کے بعد اب افغانستان یا افغانوں پر اعتماد کرنا پاکستانیوں کیلئے ممکن نہیں رہے گا۔
پاکستان کی دفاعی و مقتدر قوتوں کو بھی اب بھارت کے ساتھ افغانستان سے بھی ہوشیار و خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔