کابل (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان امن مذاکرات کی بحالی کیلئے کوششیں کررہا ہے، مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان کی نئی حکومت افغانستان کیساتھ تعلقات کو وسعت دینا چا ہتی ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خارجہ امور اور قومی سلامتی کے خصوصی مشیر سرتاج عزیز ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ افغانستان کے دورے پر کابل پہنچے جہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان اور افغانستان کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔
اگر طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بحال کرنے میں پاکستان کی مدد درکار ہوئی تو پاکستان مدد کرے گا کیونکہ مستحکم افغانستان پاکستان کا مفاد اور خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور تعاون کا پیغام لے کر کابل آیا ہوں تاہم طالبان سے امن مذاکرات کا آغاز افغانستان ہی کرے گا، پاکستان کی نئی حکومت افغانستان کیساتھ تعلقات کو وسعت دینا چا ہتی ہے۔