اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان آئندہ ماہ افغانستان سے متعلق ہونے والے دو اہم اجلاسوں میں شرکت کرے گا، ان میں سے ایک بھارت جب کہ کہ دوسرا ماسکو میں ہو گا۔
اس بات کی تصدیق پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعہ کو ہونے والی بریفنگ میں کہی۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز بھارت میں ہونے والی ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
رواں سال ستمبر میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اوڑی میں واقع ایک فوجی کیمپ پر مشتبہ عسکریت پسندوں کے مہلک حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا اور اس حالیہ کشیدگی کے آغاز کے بعد کسی اعلیٰ پاکستانی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ بھارت ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ ’’ہارٹ آف ایشیا کانفرنس‘‘ افغانستان سے متعلق ہے اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’’ہم پہلے یہ بات کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں امن و استحکام لانے کے تمام اقدامات کی اہمیت ہمارے لیے بہت ہے۔‘‘
نفیس ذکریا نے افغانستان سے متعلق ماسکو میں آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس کے بارے میں پاکستان، روس اور چین شرکت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ’’ہم افغانستان اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’افغانستان میں سلامتی کی بگڑتی ہوئے صورت حال اور غیر ریاستی اور دیگر عناصر کی موجودگی کے اثرات خطے پر بھی ہو سکتے ہیں۔‘‘