شارجہ (جیوڈیسک) افغانستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کا چھوٹا میچ بڑا مقابلہ بن گیا، پاکستان نے میچ تو چھ وکٹ سے جیت لیا لیکن آسان ٹیم اور آسان ہدف نے بھی پاکستانی بلے بازوں کے چودہ طبق روشن کر دئیے۔
شارجہ کے تاریخی میدان میں افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولر جنگجو گوریلوں کے دل دہلانے میں کامیاب ہوئے۔ ترانوے رنز پر آدھی فوج پویلین واپس بھیج دی۔ نجیب اللہ زردان اڑتیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جنید خان تین، سہیل تنویر نے دو وکٹیں گرائیں۔ جواب میں قومی ٹیم کو انچاس رنز کا اوپننگ سٹینڈ ملا۔ پاکستان کا اسکور تو بڑھتا رہا لیکن کوئی پلان نظر نہ آیا۔ احمد شہزاد پینتیس جبکہ عمر اکمل نے ٹوٹل میں اٹھائیس رنز کا اضافہ کیا۔ کپتان محمد حفیظ بیالیس رنز بنا کر بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
ایک سو اڑتیس رنز کا آسان ہدف مشکل بن گیا۔ بیسویں یعنی آخری اوور میں گرین شرٹس کو چھ رنز درکار تھے۔ پانچویں گیند پر اسکور برابر ہوا جس سے سنسنی پھیل گئی۔ خدا خدا کر کے نو بال ہوئی اور پاکستان چھ وکٹ سے میچ جیت سکا۔