پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کا حامی ہے: ترجمان دفتر خارجہ

Tasneem Aslam

Tasneem Aslam

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ چین کا دشمن پاکستان اور پاکستان کا دشمن چین کا دشمن ہے، ویسے بھی پاکستان کی پالیسی ہے کہ اپنی سرزمین کسی قسم کی دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دی جائے۔ چین کو ای ٹی آئی ایم کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی پاکستانی وزیراعظم کی دعوت پر ایک اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد آ رہے ہیں۔ افغان صدر سے انسداد دہشت گردی، سرحدی سیکیورٹی اور تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر بات ہو گی۔

ان سے پوچھا گیا کہ کیا افغان صدر اشرف غنی پاکستان افغانستان کرکٹ میچ دیکھنے جائیں گے تو ترجمان نے جواب دیا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اس کی تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں۔

ترجمان نے کہا کہ صدر کے ہمراہ عبداللہ عبداللہ کے آنے کا فیصلہ افغان حکومت نے کرنا ہے تاہم پروٹوکول کی رول سے صدر اور چیف ایگزیکٹو اکٹھے دورہ نہیں کرتے۔

ایک اور سوال پر تسنیم اسلم نے کہا رابن رافیل سے تحقیقات امریکا کا اندرونی معاملہ ہے علم نہیں کہ رابن رافیل سے تحقیقات پاکستان کا دوست ہونے کی وجہ سے ہو رہی ہے۔