اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر برائے قومی سلامتی وامور خارجہ سرتاج عزیزنے کہاہے کہ افغانستان کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے، پاکستان اور افغانستان ملکر دہشتگردی اور چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو یہاں’’ہارٹ آف ایشیاء استنبول پراسیس‘‘کے سینئر افسران کے اجلاس سے افتتاحی خطاب میں کیا، اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ افغانستان کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے وہاں امن اور سلامتی کا قیام ضروری ہے۔
پاکستان رواں سال پراسیس کی وزارتی کانفرنس منعقد کریگا، ادھر دفتر خارجہ بیان کے مطابق سرتاج عزیزآج منگل کو کویت میں شروع ہونیوالے اوآئی سی کے42 ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے۔