پشاور (جیوڈیسک) اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج افواج پاکستان اور قومی قیادت بیرونی آلہ کاروں کو ختم کرنے کے لیے یکجا ہے، یہی بات امریکی صدر کو ہضم نہیں ہورہی، پاکستان سے متعلق ان کا بیان مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار1980 ءکی دہائی کے حکمراں ہیں، بین الاقومی ایجنڈے کے تحت پاکستان اور افغانستان میں آلہ کار بنائے گئے جن کی مدد سے دونوں ممالک کی اسٹیبلشمنٹ اور عوام کو استعمال کیا گیا، بیرونی مسلط کردہ جنگ میں ہزاروں شہری ایندھن بنے۔
اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ امریکا اور غیر ممالک کا تحفظ کرتے کرتے پاکستان کی خود مختاری بھی خطرے میں تھی، آج افواج پاکستان اور قومی قیادت بیرونی آلہ کاروں کو ختم کرنے کے لیے یکجا ہے،یہی بات امریکی صدر کو ہضم نہیں ہورہی ، پاکستان کو کسی اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہیئے ، غیر جانبدار خارجہ پالیسی پر عمل کرے۔