پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا 320 رنز پر آؤٹ

Pakistan

Pakistan

کولمبو (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے خلاف کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں آئی لینڈر اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے اپنے پہلی اننگز 8وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز سے آغاز کیا تو دھمیکا پرساد اور رنگنا ہیراتھ کریز پر موجود تھے۔

پرساد اور ہیراتھ زیادہ دیر تک مزاحمت نہ کرسکے اور سری لنکا کو نواں نقصان 284 رنز پر دھیمکا پرساد کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ ہیراتھ اور چناکا ویلیگیدارا نے آخری وکٹ پر سری لنکا کے اسکور کو 320 تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالرجنید خان رہے جنہوں نے 87 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض نے 3 جبکہ سعید اجمل اور عبدالرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا کے 320 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے جبکہ پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔