اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ پیر محمد افضل قادری نے حکومت کو دہمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے مظاہرین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ان کی جماعت دوبارہ سڑکوں پر آجائے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےگزشتہ دنوں مذہبی جماعتوں کی جانب سے کیے گئے احتجاجی دھرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس طرح کے مظاہروں اور احتجاجی دھرنوں کا مستقل بنیاد پر حل نکالا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مذکورہ معاملے میں وفاقی وزیر کے خلاف عدالت میں قانونی کارروائی کے استعمال کا حق موجود ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ‘حکومت اور ان کی جماعت کے درمیان ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کو فوری طور پر روکا نہ گیا’ تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے مذاکرات میں شرکت کی اور معاہدے پر دستخط کیے تھے خبردار رہیں کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی (تنظیم کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات کا اندراج) کو برداشت نہیں کی جائے گی۔
پیر محمد افضل قادری کا کہنا تھا کہ ‘ٹی ایل پی کے کارکن اور رہنما شہادتوں کی نیت سے سڑکوں پر دوبارہ آجائیں گے، وہ کسی سے خوف زدہ نہیں’۔