واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی نے پاکستان کو دی جانے والی ہر طرح کی امداد کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے، کمیٹی سربراہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے شدت پسند گروہوں کی حمایت کرنے کی پالیسی تبدیل نہ کرنے پر امداد دینے پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیوں کے باوجود امریکی ڈو مور کا مطالبہ ختم نہ ہوا ۔ امریکی کانگریس کے خارجہ معاملات کی سب کمیٹی نے پاکستان کو دی جانے والی ہر طرح کی امداد کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
سب کمیٹی کے سربرا ہ میٹ سلمون کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اب بھی شدت پسند گروہوں کی حمایت کرنے کی پالیسی تبدیل نہیں کرتا تو پاکستان کو دی جانے والی امداد پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دینی چاہیے۔
اجلاس میں پاکستان پر الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان ان شدت پسند گروہوں کو نشانہ نہیں بنا رہا جو دوسرے ممالک میں حملے کرتے ہیں۔
دوسری جانب واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ دہشت گردی کو شکست دینے کے اپنے مشترکہ مقصد میں شراکت دار اور دوست ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور مثبت تعاون کو دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے۔