پاک فضائیہ ملکی دفاع کی اولین کڑی ہے اور اسکا ہر فرد حقیقی جانباز سپاہی ہے: ائیر چیف
Posted on September 5, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد, سٹی نیوز
اسلام آباد : پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ ان کی بیس آمد پر فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دورے کا مقصد پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور ائیر مینوں کے عزم کا جائزہ لینا تھا۔
انہوں نے مختلف سکواڈرنز اور تنصیبات کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں بیس پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پاک فضائیہ کے سر براہ ائیر مینوں سے ملے اور ان کے دی گئی ذمہ داریوں کو بہ احسن طریقے سے انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے قیمتی اور جدید آلات کی حفاظت اور دیکھ بھال پر زور دیتے ہوئے کہا ان کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور اسے ہم بہترین تربیت ، پیشہ وارانہ علم اور دئیے گئے ضابطوں پر خلوص نیت سے عمل کرکے ممکن بنا سکتے ہیں۔
ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ نے دنیا کی جدید فضائی افواج کے درمیان ایک اہم مقام حاصل کیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اس پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ ملکی فضائی سرحدوں کا دفاع یقینی بنایا جا سکے۔آخر میں پاک فضائیہ کے سر براہ نے موجودہ صورت حال کے تناظر میں ائیر مینوں کے حوصلے اور عزم کو سراہا اور واضح کیا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کی اولین کڑی ہے اور اسکا ہر فرد حقیقی جانباز سپاہی ہے جو ہر قسم کی اندرونی اور بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر دم تیار ہے اور جب بھی ضرورت پڑی تو وہ عوامی توقعات پر پورا اترے گا۔