پاکستان میں القاعدہ کمزور ہو گئی، 2013 میں دہشتگردی پر امریکی رپورٹ

America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) 2013 کے دوران پاکستان میں القاعدہ کمزور ہوئی تاہم کئی کالعدم تنظیموں کی جانب سے مسلسل دہشتگر د کارروائیوں کا سلسلہ جا ری رہا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے دہشتگردی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے یہ بات بتائی گئی کہ پاکستان میں القاعدہ، کالعدم تحریک طالبان، پنجابی طالبان اور لشکر جھنگوی نے دہشت گرد کارروائیاں کیں تاہم لشکرطیبہ کی جانب سے پاکستان میں فنڈنگ کیے جانے کے باوجود کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی۔

دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بموں کے علاوہ موٹر سائیکلوں، سائیکلوں، رکشوں، گاڑیوں اورگدھا گاڑیوں میں بم نصب کر کے بھی بم دھماکے کیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں القاعدہ کمزور ہوئی ہے، تنظیم کی قیادت اور دیگر جنگجو گروپوں کے درمیان رابطے کٹ گئے ہیں۔ دوسری جانب القاعدہ اور حقانی نیٹ ورک سال 2013 میں بھی امریکی مفادات کے لیے خطرہ بنی رہیں۔کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے پاکستان اور امریکی مفادات کو خطرات لاحق رہے۔ اس تنظیم نے پاکستانی شہریوں، حکومتی اور سیکیورٹی فورسز پر درجنوں حملے کیے۔