اسلام آباد: چینوٹ رجوعہ سادات سے معدنی ذخائر کا نکلنا خدا وندکریم کی جانب سے پاکستان کے غریب عوام پر خاص عنایت ہے، خدا ہمارے حکمرانوں کو توفیق دے کہ وہ ان وسائل کو عوامی فلاح بہود اور ملکی ترقی کے لئے بروئے کار لائیں، پاکستان کی سر زمین کو اللہ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے اگر ہم اپنے ملکی معدنی وسائل پر توجہ دیں تو پاکستان دنیا کا امیر ترین ملک بن سکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکر ٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں پنجاب کابینہ کے اراکین کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اگر حکمران مخلص اور ایماندار ہوں ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ مہینوں میں ممکن ہے، ہائیڈور پاور پروجیکٹ سے گلگت بلتستان اورخیبر پختونخواہ سے 80 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی جاسکتی ہے لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس سستی بجلی کے منصوبوں کو فقط اپنے مفادات کے لئے نظر انداز کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جفاکش اور غیور عوام کو چاہیئے کہ وہ صالح اور محب وطن لوگوں کا انتخاب کریں جو ملکی اور عوامی مفادات کے لئے کام کریں۔