کراچی : پاکستان کو اسلامی نظر یہ کے تحت حاصل کیا گیا پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہونے والی دوسری ریاست ہے پاکستان میں اللہ کے نظام کو نافذ کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف ایک انمول نعمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ بن رضی نے بفرزون میں یوم پاکستان پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ بفرزون کے ناظم اشرف الحق بھی موجود تھے۔
اسامہ بن رضی نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے ہمارے آبائو و اجداد نے جو قربانیاں دی تھیں ان کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ آئین پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی کو تسلیم کیا گیا ہے۔ قوم اور خاص طور پر مقتدر حلقوں کو اجتماعی طور پر اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے کہ ان سے کیا غلطیاں سرزد ہوئیں جن کی بنا پر آج ہم گھمبیر بحرانوں کا شکار ہیں۔ ماضی کی ان غلطیوں سے توبہ و استغفار کرنے اور ایک نئے عزم کے ساتھ رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی وحدت اور یکجہتی ہماری اصل قوت ہے۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔ نریندر مودی نے ڈھاکہ میں پاکستان کو دو لخت کرنے میں بھارت کے مکروہ کردار کا اعتراف کیا مگر اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارے نے نوٹس نہیں لیا۔ امریکہ اور عالمی استعمار خطے میں بھارتی بالا دستی کیلئے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار رکھنا چاہتا ہے۔ اسامہ رضی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے۔ بھارت نے 70 سال سے کشمیر پر ناجائزقبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کشمیر ی قوم پاکستان کا یوم آزادی منانے کیلئے بڑی بڑی ریلیاں نکال رہی ہے اور ان ریلیوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا جاتا ہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ درندہ صفت فوج کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچلنے میں ناکام رہی ہے، حکمرانوں کی بھارت کے ساتھ دوستی کی باتیں قوم کے زخموں پر نمک پاشی ہے، حکمران بھارت کی پاکستان دشمنی اور ہندو کی مکاری کو جانتے ہوئے بھی اسے پسندیدہ قوم قرار دے رہے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکمرانوں کو ملک و قوم سے نہیں امریکی اور بھارتی مفادات کی تکمیل سے غرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف بھارت سے دوستی کی باتیں چھوڑ کر قومی امنگوں کے مطابق پالیسی اپنائیں۔