اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے بھارت میں پاکستانی سفیر عبدالباسط، حریت رہنما شبیر شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اور اسے بھارت کی بوکھلاہٹ قراردے دیا صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سفیر کے خلاف مقدمہ درج کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر مقدمہ واپس لے پاکستانی سفیر نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ عالمی برادری بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کا نوٹس لے۔ بصورت دیگر ایسے اقدامات سے دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھے گی۔
غیر ذمہ دارانہ حرکت کے باعث خطہ ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے اور کشمیریوں کا وکیل ہے۔ پاکستانی سفارتکاروں کو کشمیری قائدین سے ملاقات سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ا نہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھار ت کے درمیان ماضی میں جتنی بار مذاکرات ہوئے ہیں ان سے قبل پاکستان نے کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں سے پاکستانی سفیر کی ملاقات ایک معمول کا عمل تھا جس پر کوئی مقدمہ نہیں بن سکتا۔
دنیا بھر میں سفارتکار جس ملک میں تعینات ہوتے ہیں وہاں مختلف گروپوں کے لوگ ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ کسی بھی جمہوری اور مہذب ملک میں ایسے کسی مقدمے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے دو طرفہ مذاکرات سے فرار اختیار کر رہا ہے۔