واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی ڈیفنس سیکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے پاکستان کو 8 فوجی بحری جہاز فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جن کے ذریعے پاکستان کو اپنی سمندری حدود میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ان جہازوں کو جی آر سی 43 ایم یعنی گلوبل رسپانس کٹر کہا جاتا ہے جو 43 میٹر لمبے ہیں۔ فارن ملٹری سیل کے تحت 35 کروڑ ڈالرز کے اس مجوزہ سودے میں پاکستان کو پچیس ایم ایم یا تیس ایم ایم کے 8 نیول گن سسٹمز ، ایم ٹو ایچ بی اعشاریہ پانچ صفر کیلیبر کی 32 مشین گنیں۔
سات اعشاریہ چھ ایم ایم کی 32 گنیں اور 8 میٹر لمبی 8 کشتیوں سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول ، کمیونی کیشن ، نیوی گیشن کے آلات ، پرزہ جات ، تربیت اور لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ یو ایس ڈیفنس سیکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے سودے کی توثیق کے لیے کانگریس کو مطلوبہ سرٹیفکیٹ فراہم کر دیا ہے۔
ایجنسی نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ اس معاہدے سے ایک ایسے ملک کی سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو جنوبی ایشیا میں امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کے لیے نہایت اہم ہے۔ ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاہدے سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر نہیں ہوگا۔