اسلام آباد (جیوڈیسک) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے پاکستان کی درخواست پراسلام مخالف ٹویٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ٹوئٹر حکام سے مذہب کی توہین کرنے والے بلاگرز کے اکاؤنٹ بلاک کرنے اور توہین مذہب کے زمرے میں آنے والی ٹویٹس اور مواد کو روکنے کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کی اپیل پر ٹوئٹرحکام نے اسلام مخالف ٹوئٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر نے پہلی بار کسی ملک کی درخواست پر اسلام مخالف مواد شائع کرنے والے صارفین پر پابندی عائد کی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے یوٹیوب حکام سے بھی غیر اسلامی مواد ہٹانے کی درخواست کی تھی لیکن یو ٹیوب انتظامیہ کی جانب سے غیر اسلامی مواد نہ ہٹانے پر پاکستان میں یو ٹیوب پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جو تاحال برقرار ہے۔