اسلام آباد (جیوڈیسک) سینئر عسکری حکام نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے خصوصی بٹالین کے فنڈز پر غور کیا گیا۔ پاک فوج کے لئے مختلف اسکیموں کی فنڈنگ پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے 28 خصوصی بٹالین کی مالی ضروریات بروقت پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج کی ترقیاتی اسکیموں کے لئے فنڈز فراہم کریں گے۔ اسلام آباد میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتا الگون نے بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ 10ویں جائزہ اجلاس میں کامیاب مذاکرات کئے اور پاکستان ترقیاتی منصوبوں میں عالمی بینک سے تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ ملاقات کے دوران عالمی بینک کے صدر کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل بھی دی گئی۔