پاکستان کی فوج ایک منظم ادارہ ہے جو اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے ، عابد حسین

لاہور: پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ایک منظم ادارہ ہے جو اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی اس نے اداروں کو کمزور کیا حکمران سب اداروں کو آئین کے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنے دے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں اس نے ہمیشہ رواداری اور برداشت کی سیاست کو فروغ دیا ہے سابق صدر آصف علی زرداری نے جس طریقے سے اپنے دور اقتدار میں جمہوریت کو مضبوط بنایا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی جمہوری مدت پوری کی یہ مفاہمت اور برداشت کی سیاست کا ہی نتیجہ تھی جمہوری قوتیں متحد رہیں اور جمہوریت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، وفاقی حکومت کو اس مسئلے پر کنفیوژ نہیں ہونا چاہیے، دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں وہ اپنا ایجنڈہ مسلط کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونے کا کہہ چکے ہیں سب کو مل کر انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن جانا چاہیے۔