راولپنڈی (جیوڈیسک) خواتین فوجی بھی مردوں کے شانہ بشانہ، پاکستان آرمی کی 24 لیڈی افسروں نے ائربورن کورس مکمل کرلیا، بلند فضاوں سے چھلانگ لگانے کا شاندار مظاہرہ بھی کیا اور ثابت کیا کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں۔ایم آئی سیون ٹین سے چھلانگ کر کیپٹن سعدیہ نے تاریخ رقم کر دی، ان کے بعد ایک ایک کرکے لیڈی پیراٹروپرز بنا کسی خوف خود کو بلند فضاوں کے سپرد کرتی رہیں اور کامیابی سے زمین پر اتریں۔
24 افسروں پر مشتمل یہ ہے پاک فوج کے لیڈی پیراٹروپر کا پہلا دستہ، جس نے پشاور کے پیرا ٹریننگ اسکول میں تربیت مکمل کرکے سنگ میل عبور کیا۔سخت فزیکل ٹرینگ کے ساتھ ان پیراٹروپرز کو چھلانگ لگانے، ہوا میں پرواز کرنے اور اترنے کی تکنیک سکھائی گئی ہے، جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنا بھی ان کی تربیت کا حصہ ہے۔
کورس مکمل ہونے پر تربیلا میں ایک تقریب ہوئی جس میں لیڈی پیراٹروپرز کو پیرا ونگز کے نشانات عطا کیے گئے، کیپٹن کرن کو بہترین پیراٹروپر قرار دیا گیا۔ لیڈی افسروں نے کورس کی تکمیل پر خوشی کا اظہار اور اسے باعث فخر قرار دیا۔