اسلام آباد (جیوڈیسک) سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہادر فوج ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کی جنگ لڑرہی ہے، یہ سیاست اور انتشار پھیلانے کا وقت نہیں۔ ایک بیان میں سفیر سرمایہ کاری جاوید ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور استحکام کی طرف مارچ کررہا ہے۔
پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ ایک مارچ ملکی ترقی اور استحکام کی طرف ہے اور دوسرا انتشار کی طرف۔ جاوید ملک کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں احتجاج اور انتشار کے ماحول میں تجارت اور سرمایہ کاری کی کوششوں کو نقصان ہوگا اور ایسے حالات میں بین الاقوامی بزنس مین اور سرمایہ کار غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہوجاتے ہیں۔