اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف آج 58 سال کے ہو گئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 16 جون 1956 کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک فوجی خاندان میں آنکھ کھولی، آپ کے والد محمد شریف پاک فوج سے میجر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے جب کہ ان کے بڑے بھائی میجر شبیر 1971 کی پاک بھارت جنگ میں شہید ہوئے اورانہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔
ان کے ایک بھائی نے فوج میں کپیٹن کے فرائض سرانجام دیئے، جنرل راحیل شریف 3 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے چھوٹے ہیں جب کہ ان کے 2 صاحبزادے اورایک صاحبزادی ہیں۔ جنرل راحیل شریف گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کرنے بعد پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں داخل ہوئےاور 1976 میں گریجویشن کے بعد انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی چھٹی بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کو گزشتہ سال 27 نومبر کو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کیا اور انہوں نے 29 نومبر کو پاک فوج کی کمان سنبھالی۔ راحیل شریف پاک فوج کا سربراہ بننے سے قبل انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ اویلوئیشن کے عہدے پر فائز تھے۔ اس کے علاوہ وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ کے عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔