لاہور (جیوڈیسک) بالی وڈ کے معروف اداکار اور بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ پاکستان کے باصلاحیت فنکار اور گلوکاروں کی عمدہ پرفارمنس نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا ہے۔
ماضی میں جس طرح شہنشاہ غزل مہدی حسن، غلام علی، عابدہ پروین، ریشماں اور استاد نصرت فتح علی خاں کو براہ راست سننے کا موقع ملا، اسی طرح آج بھی پاکستانی گلوکار اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں اوراکثر تقریبات میں ان کی پرفارمنس سے خوب انٹرٹین ہوتے ہیں۔
موجودہ دور میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خاں کا انداز گائیکی بے حد پسند ہے۔ ان خیالات کا اظہار شترو گھن سنہا نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگومیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے میرا ایک گہرا رشتہ ہے۔
پاکستان کے فنکار، سیاستدان اورعوام بہت مہمان نواز اور پیار کرنے والے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں اکثر پاکستان آتا ہوں۔ خاص طور پر پاکستانی فنکار اور گلوکار مجھے بہت پسند ہیں۔
اس وقت بالی وڈ میں جہاں پاکستانی گلوکاروں کا راج ہے، وہیں پاکستان کے نوجوان فنکار بھی بہترین کام کرکے اپنی منفرد پہنچان بناچکے ہیں۔ علی ظفر، عمائمہ ملک، سارہ لورین کے بعد اب فواد خان اور عمران عباس کی فلموں کے پرومو دیکھے ہیں۔
ان کا کام دیکھ کر مجھے یوں محسوس ہوتاہے کہ ان فنکاروں کی شکل میں بالی وڈ کو باصلاحیت فنکار ملیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شتروگھن سنہا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو بہتر بنانے میں دونوں ملکوں کے فنکاروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔