میرپور (جیوڈیسک) بنگلا دیش نے پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ کے ایونٹ سے ہی آؤٹ کر دیا ہے۔ پاکستانی بلے بازوں نے آج بھی مایوس کن کارکردگی دکھا کر شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ تاہم بنگالی ٹائیگرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسانی سے ہدف پورا کرکے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب ایشیا کپ کا فائنل بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان ہوگا۔ بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 48 رنز بنائے اور کامیاب بلے باز رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ شرجیل خان اور خرم منظور نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان خرم منظور کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 12 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان صرف 10 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے۔ پروفیسر حفیظ آج بھی کوئی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف دو رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد عمر اکمل کا بلا بھی رنز اگلنے میں ناکام رہا۔ وہ صرف 4 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 98 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب شعیب ملک کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 41 رنز بنائے۔ اس کے بعد کپتان شاہد آفریدی آتے ہی چلتے بنے۔ سرفراز نے آج دھوکا نہیں دیا اور 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے الامین حسین نے تین، عرفات نے دو وکٹیں جبکہ مشرفی مرتضی اور تسکین احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔