لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ایشین ڈویژن تھری رگبی ایونٹ میں حیران کن نتائج کے لیے تیار ہے۔ قومی رگبی ٹیم کے کپتان ارسلان زاہد کے مطابق پلیئرز نے ٹریننگ کیمپ میں سخت محنت کی جس کا صلہ ٹائٹل فتح کی صورت میں ضرور ملے گا۔
ایونٹ کا آغاز جمعرات سے پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں میزبان سمیت بھارت، لبنان اور ازبکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی، پاکستان کا ابتدائی مقابلہ لبنان سے ہونا ہے جبکہ بھارتی ٹیم ازبکستان کے مقابل آئے گی، ان میچز کی فاتح ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ گذشتہ برس ڈویژن ٹو کھیلنے والی بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور لبنان نے ڈویژن فور کی ٹاپ ٹو ٹیمیں رہتے ہوئے ڈویژن تھری کے لیے کوالیفائی کیا، ڈویژن فور کے فائنل میں لبنان نے پاکستان کو مات دی تھی۔ میزبان ٹیم کے کپتان ارسلان زاہد پُر امید ہیں کہ ان کی ٹیم لبنان اور بعدازاں بھارت کو زیر کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلے گی، نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم ابتدائی مقابلے میں لبنان کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں گے، ہم نے لاہور میں ٹریننگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے ساتھ گرم موسم سے لڑنے کا فن سیکھ لیا لیکن شاید حالات لبنان کے لیے سازگار نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے کیمپ میں کوچز نے کھلاڑیوں کو سخت ٹریننگ کرائی۔ ارسلان زاہد کو انگلش رگبی لیگ کھیلنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل ہے، انھوں نے کہا کہ ٹاپ ایونٹ میں حاصل ہونے والا تجربہ پاکستانی ٹیم کو ڈویژن ٹو تک پہنچانے میں ضرور کام آئے گا۔