نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے دھمکی دی ہے کہ برما میں فوجی کارروائی میں پاکستان کے لئے واضح بھارت واضح پیغام ہے کہ اگر ہمیں خطرہ محسوس ہوا تو وہاں بھی حملے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میانمار (برما) کی سرحد کے اندر گھس کر علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی وزیراعظم نریندر مودی کے حکم پر کی گئی، کارروائی پاکستان سمیت ان تمام ممالک کے لئے واضح پیغام ہے جہاں بھارت مخالف نظریات کے لوگ بستے ہیں۔
بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے اس کی کوئی دوسری شناخت نہیں ہوتی، پاکستان سمیت ان تمام مخالف کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں جو بھارت کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور جہاں سے بھی خطرہ ہوا تو جارحانہ کارروائی میں پہل کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی فورسز اور نیشنل شوسلسٹ پارٹی آف ناگا لینڈ ناگا لینڈ کے علیحدگی پسندوں کے درمیان بھارت اور برما کی سرحد پر گھمسان کی جھڑپیں ہوئی تھیں جس میں بھارتی حکام کی جانب سے متعدد علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے اور ان کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔