نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان کے متعلق پالیسی پر بھارتی میڈیا ان پر برس پڑا اور بھارت کے ایک بڑے اخبار کے مطابق مودی کی پالیسی سے صرف زہریلے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے اداریے کے مطابق پاکستان کا حریت رہنماؤں سے ملاقات کرنا یقینی تھا، یہ تصور ہی غلط تھا کہ پاکستان صرف اپنے اوپر دہشت گردی کے الزامات سننے کے لئے مذاکرات کرے گا۔
اگر پاکستان دہشت گرد ہے تو اوفا ملاقات کیوں کی گئی۔ ہندوستان ٹائمزکے مطابق مودی کی پالیسی سے پاکستان میں بھارت کے مخالفین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔
اخبار نے مودی کو پاکستان میں کسی بھی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو بھارتی طیاروں یا کمانڈرزکا واپس لوٹنا ممکن نہیں ہوگا۔ اداریے کے مطابق اگر بھارت دہشت گردی کے کسی واقعے پر امریکا یا عالمی برادری کا دروازہ کھٹکھٹائے گا تو وہاں سے جواب موصول ہوگاکہ اگست میں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھی توخود ہی منسوخ کیے تھے۔