اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مندوب مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی حملوں کی منصوبہ بندی افغان سرزمین پر ہوئی۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے افغان الزامات میں صداقت نہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے افغانستان سے مضبوط تعلقات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل بان کی مون کی افغانستان کے بارے میں رپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نومنتخب قیادت افغانستان میں امن مذاکرات اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرتی ہے۔ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو خارجہ پالیسی کے جزو کے طور پر استعمال نہیں کر رہا۔ افغانستان پاکستان پر الزامات عائد کرکے اس کے خلوص پر شک کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دہشت گردی افغانستان پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں پاکستان، افغانستان، امریکا اور دیگر اقوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں نچھاور کی ہیں۔