اسلام آباد (جیودیسک) پاکستان میں اور آئی ایم ایف کے درمیان حتمی بات چیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف مشن کے سربراہ جیفری فرینک کی زیرصدارت ہوئی۔ مذاکرات کے بعد ذرائع سے بات چیت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایاکہ پاکستان آئی ایم ایف سے پروگرام اپنی مرضی کے مطابق لے گا اور پاکستان کے موقف میں کوئی لچک نہیں آئے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے ٹیکسز نہیں لگائے جائیں گے تاہم بجلی کی سبسڈی پر دانش مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے نیا پروگرام لے یا نہ لے تاہم پاکستان کو دیوالیہ نہیں ہونے دیں گے۔
امدادی ملکوں اور اداروں کے قرض بروقت ادا کیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور یہ مزید 2 دن جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا ہر نیا دن، گزشتہ سے بہتر ہوگا، قرض اتارنے کے لیے قرض لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔