سڈنی (جیوڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سمیت تین میچز اور 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا رواں برس جنوبی افریقا اور پاکستان سے ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پہلے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ہو گی جس میں تیسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ ناٗئٹ ہو گا تاہم جنوبی افریقی کرکٹرز اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں اور انھوں نے پنک گیند سے فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 3 نومبر کو پرتھ میں، دوسرا ٹیسٹ 12 سے ہوبارٹ میں جب کہ تیسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں 24 نومبر سے ہوگا۔
اس کے علاوہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ بھی تین ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچز کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے گابا میں ہوگا جو ڈے اینڈ نائٹ ہو گا جب کہ باقی دونوں ٹیسٹ میچز ڈے ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو گا۔
پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کے فوری بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز ہو گی جس کے بعد کینگروز پاکستان کے خلاف 5 ایک روزہ میچ کھیلیں گے اور پھر سری لنکن ٹیم آسٹریلیا میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ شیڈول سیریز کے میچز کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔