پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 22 اکتوبر سے شروع ہو گا

Misbah ul Haq

Misbah ul Haq

شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 22 اکتوبر سے شروع ہو گی۔ کہتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ ون ڈے سیریز ہارنے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 22 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیریز اپنے نام کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لیں۔

شارجہ میں ہونے والے پریکٹس میچ میں پاکستان اے ٹیم نے آسٹریلینز کو شکست دی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا ہے اور قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے۔ ون ڈے سیریز ہارنے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

پاکستانی ٹیم میں محمد حفیظ اور توفیق عمر کی واپسی ہو چکی ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھائیں۔ سعید اجمل کی غیر موجودگی میں پاکستان کی سپن باؤلنگ کا شعبہ کمزور ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک بھی ون ڈے کے بعد ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچز میں 0-3 سے شکست ہوئی تھی۔