پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا کر سہ ملکی سیریز جیت لی

Pakistan

Pakistan

ہرارے (جیوڈیسک) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، شاہینوں نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 184 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے ہدف فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 19.2 میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فخر زمان نے 46 گیندوں پر شاندار 91 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 43، سرفراز احمد نے 28 اور آصف علی نے 11 رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا اور پہلے ہی اوور میں پاکستان کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے صاحبزادہ فرحان گلین میکسویل کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے اور اس کے فوراً بعد حسین طلعت صفر پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس میں اوپنر ڈارسی شارٹ نے سب سے نمایاں بیٹنگ کی اور 76 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین اور شاداب خان نے شاندار کیچ کے علاوہ دو وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ میچوں میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک جیت حاصل کی تھی اور میزبان زمبابوے کو دونوں میچوں میں شکست دی تھی۔