اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے چینی صدر شی چن پنگ کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران کہا آج کا دن تاریخی ہے کسی غیر ملکی سربراہ کا موجودہ پارلیمنٹ سے پہلا خطاب ہے۔
چینی صدر پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے چوتھے رہنما ہیں اور کسی دوسرے ملک کے سربراہ کو یہ اعزاز حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا پاک چین دوستی حقیقی معنوں میں سمندر سے زیادہ گہری ہے۔ دونوں ملک خطے میں امن استحکام کی یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان اور چین دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا پارلیمنٹ آنا اور معزز ارکان سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ رواں برس میں نے پہلا غیر ملکی دورہ پاکستان کا کیا ہے ۔ چینی عوام کا پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان آنا میرے لیے بھائے کے گھر آنے جیسا ہے۔ پاک چین دوستی سمندر سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ پاکستان ہمارا اچھا دوست ، اچھا بھائی اور اچھا ہمسایہ ہے۔
صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دنیا میں امن کی کوششوں کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب چین دنیا میں بالکل تنہا تھا اور پاکستان نے ہر مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا ہے۔
پاکستان نئے چین کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔ 1930 میں علامہ اقبال نے کہا کہ چین ایک عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔ پاکستان نے مشکل وقت میں چین کے لیے فضائی راستہ کھولا۔ پاکستان چین کے ساتھ سفارتی روابط اختیار کرنے والا پہلا ملک تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے بڑے خطرات میں اپنی خودمختاری اور جغرافیائی حدود کا دفاع کیا۔ چینی عوام ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاک چین دوستی آہیندہ نسلوں کے لیے اثاثہ ہے۔
دونوں ملک ثقافت اور تاریخ کے مشترکہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ شی چن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان کے پاس ایشین ٹائیگر بننے کا موقع ہے اور پاکستان نے معاشی ترقی کی طرف پیش قدمی کی ہے۔ چینی صدر نے کہا پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ چینی بحریہ نے عدن بحران میں متعدد پاکستانیوں کو باحفاظت نکالا۔ چینی عوام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پہنچے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی تھے۔ چینی صدر شی جن پنگ کی ایوان میں آمد پر ارکان پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر معزز مہمان کا استقبال کیا۔
دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سراہان ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل راشد محمود نے بھی شرکت کی۔
صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب، چاروں صوبائی گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور مسلح افواج کے سربراہان بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں موجود تھے۔ عمران خان سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی۔