لاہور (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یورپی ممالک کے 15 روزہ دورے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے بیرون ممالک کے دورے کے دوران طاہر القادری چندہ مہم اور اپنی پارٹی کی نتظیم سازی کرینگے جبکہ کینیڈا میں آنکھوں کا معائنہ بھی کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری آج رات بیرون ملک روانہ ہوں گے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ طاہر القادری نے دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ دو ماہ سے جاری اپنی جماعت کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انقلاب کے اگلے مرحلے میں ملک کے مختلف شہروں میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا دھرنا اپنے مقاصد حاصل کر چکا ہے اور اس احتجاج کے نتیجے میں قوم جاگ گئی ہے۔ انہوں نے دو ماہ سے زائد عرصے سے دھرنے میں موجود اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان سمیٹ کر گھروں کو لوٹ جائیں۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ محرم الحرام کے احترام میں اپنی احتجاجی تحریک معطل رکھیں گے اور محرم کے اختتام پر 23 نومبر کو بھکر میں دھرنے سے دوبارہ تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے 5 دسمبر کو سرگودھا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ اور 25 دسمبر کو کراچی میں دھرنے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔