میرپور (جیوڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں افتتاحی ون ڈے میچ میں آج آمنے سامنے آئیں گی۔
میرپور ڈھاکا میں میدان سجے گا، دن ڈیڑھ بجے مقابلے کا بگل بجے گا، دونوں ٹیموں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ سیریز سے پہلے میزبان بنگال کے جونیئر ٹائیگرز نے پریکٹس میچ میں فتح اپنے نام کی۔
پاکستان کو جہاں اس شکست کی فکر ہے وہیں تجربہ کار مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے باعث کمی بھی محسوس ہوگی اور فٹنس مسائل کے پیش نظر صہیب مقصود ، سہیل خان اور اب یاسر شاہ کی عدم شرکت بھی بڑا سوال ہو گی ۔ پہلے ون ڈے میں نمائندگی کے لیے یاسر شاہ کے متبادل ذوالفقار بابر آج رات ڈھاکا کے لیے روانہ ہونہ ہوں گے ۔ ساتھ ہی ساتھ پاکستان کو جادو گر سپنر سعید اجمل کا بھی ساتھ مل چکا ہے۔
ون ڈے کے نئے کپتان اظہر علی نے اپنے نوجوان سکواڈ سے اچھی کارکردگی اور جیت کی امیدیں لگا لی ہیں ، دوسری جانب بنگلا دیش نے جیت کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ موسم بھی اپنی تیاریوں میں ہے ، بارش کی آنکھ مچولی بھی کرکٹ کا مزہ کر کرا کر سکتی ہے۔