اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوا۔
اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چوہدری رمضان اور سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضیٰ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا۔ وکلا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ہڑتال آئین اور قانون کی بالادستی اور بحران پیدا کرنے والی تیسری قوت کے خلاف ہے۔
اجلاس میں کامران مرتضیٰ کی سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدام کے خلاف دائر درخواست کو بھی سراہا گیا۔ اور فیصلہ کیا گیا کہ وکلاء آج اس کیس کے علاوہ کسی اور مقدمے میں پیش نہیں ہوں گے۔