برج ٹاؤن (جیوڈیسک) کینسنگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کو 106 رنز سے شکست دیدی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 188 رنز کا بظاہر آسان ٹارگٹ دیا تاہم قومی بلے باز اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم صرف 81 رنز ہی بنا سکی۔ شینن گیبریل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے تھے۔ کھیل کے آخری روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے سکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ ہو سکا۔ یوں پوری ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اظہر علی اور احمد شہزاد میدان میں اترے تاہم سکور ابھی 10 تک ہی پہنچا تو اظہر علی کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اظہر علی نے 10 رنز بنائے اور ان کی وکٹ شینن گیبریل نے لی۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز بابر اعظم نے دوسری اننگز میں بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور بغیر کوئی سکور بنائے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ الزائی جوزف کے حصے میں آئی۔ پاکستان کا سکور ابھی 27 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی یونس خان بھی جلد آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
یونس خان نے صرف 5 رنز بنائے اور انھیں ہولڈر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد کپتان مصباح الحق بھی آتے ہی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ جوزف کی گیند پر ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ گیبریل کی ہی گیند پر پاؤل نے ان کا کیچ لیا۔