نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے نئی بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ اگر پاکستان اپنا چال چلن نہیں بدلتا تونریندرمودی کوپاکستان پر ایٹم بم چلا دینا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ بھارت کی پاکستان کی غلطیوں کو نظر انداز کر کے نئے سرے سے معاملات شروع کرنے کی ایک تاریخ ہے، لیکن اگر پاکستان اپنے چال چلن کوتبدیل نہیں کرتا تو مودی کوایٹمی بٹن دبانا پڑے گا۔
ٹھاکرے نے کہا کہ نریندر مودی کو اس لیے اقتدار میں لایا گیا ہے، تاکہ وہ قومی سلامتی، دہشت گردی اور دراندازی کے مسائل کو حل کرسکیں، بھارتی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے سربراہ کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلیے بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔