اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 20 شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پاگئے، وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان بیلا روس کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے اعزاز میں جمعہ کو وزیر اعظم ہاﺅس میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے مہمان صدر کا استقبال وزیر اعظم ہاﺅس کے مرکزی دروازے پر کیا جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
گارڈ آف آنر کے بعد بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ نواز شریف نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔
وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ، بیلاروس کے ساتھ تعلقات میں اضافے پر خوشی ہے، پاکستان بیلاروس سے تجارت، معیشت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان چیمبر آف کامرس کے روابط میں اضافہ ہونا چاہئے۔
ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون پرغور کرنا ہوگا۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے بعد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زراعت، تجارت، ثقافت دفاع سمیت 20 شعبوں میں تعاون کیلئے معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔