کراچی (جیوڈیسک) طاقت بخش ادویات کے استعمال سے مزید اموات کا خدشہ، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے یکم مئی کو ہونے والا مسٹر پاکستان مقابلہ ملتوی کر دیا۔
طاقت بخش ادویات کے استعمال سے باڈی بلڈرز کی مزید اموات کے خوف کی وجہ سے پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے یکم مئی کو سوات میں ہونے والے مسٹر پاکستان مقابلے کو منسوخ کر دیا۔ سیکنڑوں باڈی بلڈرز مقابلے کی تیاری میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ کو ڈوپ ٹیسٹ کے لئے حکومتی ٹیم کے چھاپے کا خدشہ تھا۔ دوسری جانب فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو مولانا فضل الرحمن کے جلسے کی وجہ سے مقابلہ ملتوی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ممنوعہ ادویات کے استعمال سے رواں ماہ چار تن ساز اپنی زندگی کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔ پہلے سیالکوٹ کا گجو استاد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا، پھر لاہورکا سائوتھ ایشین گولڈ میڈلسٹ ہمایوں خرم جان سے گیا۔
اس کے بعد گوجرنوالہ کے مطلوب حیدر اور رضوان کی زندگی کا چراغ بھی گل ہو گیا۔