پاکستان کی سرحدوں کی پامالی بھارت کی پاکستان دشمنی کا واضح ثبوت ہے: زبیر حفیظ

Islami Jamiat Talaba Pakistan

Islami Jamiat Talaba Pakistan

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی پامالی بھارت کی پاکستان دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ ہندوستان کشمیر پر اپنا ناجائز تسلط قائم رکھنے کے لئے طاقت کا استعمال کر رہا ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے ڈھونگ کو عالمی برادری سے چھپانے کے لئے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عید ملن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اسلحے کی دوڑ اور طاقت کے زور پر پاکستان کو نیچا دکھانے کا مودی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔مودی نے زمام اختیار سنبھالتے ہی پاکستان کی بیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ حکمران طبقہ بھارت سے دوستی میں اندھا ہو گیا ہے۔

جنوبی ایشیاء میں بھارت اپنی چودہراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے ۔پاکستان کی سرحدوں کی بارہا خلاف ورزی اور ہتھیاروں کی خریداری پاکستان کی جانب سے دوستی کے نعرے لگانے پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ پاکستانی عوام اپنی سرحدوں اور ملک کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں ۔ حکمرانوں کو بھارت سے دوستی پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔ بھارت بندوق کے زور پر پاکستان پر دبائو بڑھانا چاہتا ہے۔جس کے لئے پاکستان کو بھی واضح اور دو ٹوک مئوقف اختیار کرنا چاہیے۔