کراچی (جیوڈیسک) ممتاز پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،اگر نوجوانوں کو مناسب سہولیات میسر آجائیں تو وہ فتوحات کے جھنڈے گاڑھ سکتے ہیں، کراچی،لاہور راولپنڈی اورپشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں باکسنگ اکیڈمیز قائم کرکے ینگسٹرز کو تربیت کے مواقع فراہم کرنا چاہتا ہوں، کراچی ایک پرامن شہر ہے۔
عامر خان نے ان خیالات کا اظہار میڈیا بریفنگ میں کیا، اس موقع پر ان کے والد سجاد خان، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل فیاض خان بھرٹ، معروف صنعتکار عقیل کریم، سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئن اصلاح الدین ، اولمپئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔
قبل ازیں عامر خان نے گردوں کے اسپتال کا دورہ کیا اور معروف سماجی شخصیت مولانا عبدالستار ایدھی کی عیادت کی، عامر خان نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور کے پی کے علاوہ کراچی میں بھی باکسنگ اکیڈمی قائم کرنا چاہتا ہوں، غیرملکی کوچز کو بھی پاکستان بلاکرباکسرز کی تربیت کروں گا، کراچی نے ماضی میں متعدد بڑے باکسرز پیدا کیے۔