وفاقی وزیر برائے صنعت اور پیداوار غلام مرتضی جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان لاطینی امریکی ممالک خصوصا برازیل سے اپنے صنعتی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا۔ برازیل دنیا کی چھٹی بڑی معیشت اور ایک وسیع کنزیومر مارکیٹ ہے۔
پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے برازیل کے سفیر الفریڈ ولیونی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ طے پانے والے ویزہ معاہدے کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو برازیل کا 5سال کا ملٹی پل ویزہ مل سکے گا۔ جس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ برازیل لاطینی امریکہ میں فی الوقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور تیزی سے پھیلتی ہوئی معیشت ہے۔ برازیل عالمی معیشت میں اپنے گہرے اثرات مرتب کررہا ہے۔ جس سے پاکستانی سرمایہ کار خاطر خواہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ برازیل کے سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برازیل کی حکومت اس وقت پاکستان کی طرف ماضی سے زیادہ متوجہ ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور تجارت بڑھانے میں سنجیدہ ہے۔